اسرائیلی وزیراعظم کی جانب سے وزیردفاع یواف گیلانٹ کو برطرف کیے جانے کیخلاف اسرائیل کے مختلف شہروں میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔
یواف گیلانٹ کی برطرفی کیخلاف اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب، نہاریہ، حیفا اور مقبوضہ بیت المقدس سمیت مختلف شہروں میں ہزاروں افراد کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق مظاہرین نے اسرائیلی وزیراعظم کیخلاف سخت نعریبازی کی، ہزاروں مظاہرین نے سڑکیں بلاک کرکے جلاؤ گھیراؤ بھی کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ انہیں خطرہ ایران یا حزب اللہ سے نہیں بلکہ اپنی حکومت سے ہے۔
اسرائیلی پولیس نے احتجاج کے دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے واٹر کینن کا استعمال کیا جبکہ 40 اسرائیلیوں کو گرفتار بھی کرلیا۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے دوران جنگ اسرائیلی وزیر دفاع یواف گیلانٹ کو برطرف کردیا تھا، یواف گیلانٹ کی جگہ موجودہ اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز وزارت دفاع کا قلمدان سنبھالیں گے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم کے دفتر سے جاری خط میں یواف گیلانٹ کو کہا گیا کہ اس خط کے موصول ہونے کے 48 گھنٹے بعد وہ وزیر دفاع کے عہدے سے برطرف ہوجائیں گے۔
نیتن یاہو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ جنگ کے ابتدائی دنوں میں ہمارے درمیان اعتماد تھا لیکن گزشتہ کچھ مہینوں میں وہ اعتماد نہیں رہا۔