اسٹیٹ بینک کا 2 ماہ کیلئے شرح سود برقرار رکھنے کا اعلان

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آئندہ دو ماہ کے لیے شرح سود کو 12 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی بینک کے مطابق فروری 2025 میں مہنگائی توقعات سے کم رہی، جبکہ غذائی اجناس اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کے باعث مہنگائی کی شرح میں کمی دیکھی گئی۔

معاشی سرگرمیوں میں مسلسل بہتری اور درآمدات میں اضافے کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے موجودہ حقیقی شرح سود کو مثبت قرار دیا ہے۔ مالی سال 2025 کے دوران جی ڈی پی کی نمو 2.5 تا 3.5 فیصد رہنے کی توقع برقرار ہے، جبکہ جون تک زرمبادلہ ذخائر 13 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے۔

اسٹیٹ بینک نے خبردار کیا ہے کہ غذائی اور توانائی کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں دوبارہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ تاہم، مہنگائی کی شرح بتدریج کم ہو کر 5 سے 7 فیصد کے درمیان مستحکم ہونے کا امکان ہے۔