یوکرین کے شمالی شہر سومی میں روس کی جانب سے بیلسٹک میزائل حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد جاں بحق اور 84 زخمی ہو گئے۔ یہ حملہ 2025 میں اب تک کا سب سے زیادہ ہلاکت خیز واقعہ قرار دیا جا رہا ہے۔
عالمی خبررساں اداروں کے مطابق حملہ شہر کے مرکزی علاقے میں کیا گیا جہاں عام شہری عبادت کے لیے گرجا گھروں کی طرف جا رہے تھے۔ یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، اور اسے "دہشتگردی کی بدترین مثال" قرار دیا ہے۔
صدر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر حملے کے فوری بعد ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں تباہی کے مناظر، متاثرہ افراد اور تباہ شدہ گاڑیاں دیکھی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری خصوصاً امریکا اور یورپی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روس کے خلاف سخت پابندیاں اور ردعمل ظاہر کریں۔ ان کا کہنا تھا:
"جب تک روس پر حقیقی دباؤ نہیں ڈالا جاتا، امن ممکن نہیں۔ مذاکرات بیلسٹک میزائلوں اور فضائی حملوں کو نہیں روک سکتے۔"