امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے اقدام کریں کیونکہ یہ دونوں ملکوں کے درمیان نیو کلیئر فلیش پوائنٹ ہے۔
امریکی ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے کہا کہ بھارت نے حملہ کیا تو دوایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ خطرناک صورتحال اختیار کرسکتی ہے، صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے اقدام کریں، مسئلہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان نیوکلیئرفلیش پوائنٹ ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اور میڈیا پراس وقت جنگی جنون سوار ہے، پہلگام حملے کے بعد پاک بھارت سرحدوں پرفائرنگ کا تبادلہ ہوا، بھارت کوپہلگام حملے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی پیشکش کی ہے، بھارت جموں وکشمیر میں اپنی انتظامی کوتاہیوں کو دور کرنے کے بجائے سرحدوں سے باہرکیوں دیکھ رہا ہے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کی جانب سے پانی بندکرنے کوجنگی اقدام تصور کرے گا، ہم خطے میں عدم استحکام کے متحمل نہیں ہوسکتے، ہم ایک پرامن پڑوس چاہتے ہیں اور ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔