کیا ٹھنڈا پانی پینا وزن میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے؟

پانی پیاس بجھانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ کچھ لوگ با آسانی اپنی روزانہ کی پانی کی مقدار پوری کر لیتے ہیں، جبکہ کچھ کے لیے یہ مشکل ہوتا ہے۔ اس پر مستزاد پانی سے متعلق مختلف افواہیں اور غلط فہمیاں ذہنوں کو الجھا دیتی ہیں۔

انہی میں سے ایک مشہور غلط فہمی یہ ہے کہ ٹھنڈا پانی پینے سے وزن بڑھتا ہے۔ لیکن کیا یہ واقعی حقیقت ہے یا صرف ایک مفروضہ؟

حال ہی میں، ماہر غذائیت امیتا گڈرے نے اپنے انسٹاگرام ہینڈل پر اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے حقیقت کو واضح کیا۔ ان کے مطابق، حقیقت کچھ اور ہی ہے۔

امیتا گڈرے کہتی ہیں کہ پانی وزن کم کرنے کا ایک شاندار ذریعہ ہے، کیونکہ اس میں کوئی کیلوریز نہیں ہوتیں۔ یہ خیال کہ ٹھنڈا پانی جسم میں چربی کو جما دیتا ہے اور وزن بڑھاتا ہے، بالکل غلط ہے۔ اسی طرح، گرم پانی چربی کو پگھلا دیتا ہے، یہ بھی محض ایک مفروضہ ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اصل مقصد یہ ہے کہ جسم کو مناسب مقدار میں پانی ملتا رہے، تاکہ توانائی برقرار رہے اور میٹابولزم (نظامِ ہضم) متاثر نہ ہو۔ پانی کے درجہ حرارت پر زیادہ غور کرنے کے بجائے، مناسب مقدار میں پانی پینے پر توجہ دینی چاہیے۔

البتہ ٹھنڈا پانی (جیسے کہ آئس کریم یا دیگر ٹھنڈی اشیاء) آپ کے نظامِ ہضم کی قوت (آگنی) کو کمزور کر سکتا ہے۔ بہتر ہاضمے کے لیے نیم گرم پانی پینا زیادہ مفید سمجھا جاتا ہے۔

زیادہ ٹھنڈا پانی پینے سے بعض افراد کو نظامِ ہضم کی خرابی، گلا خراب ہونے یا سر درد کی شکایت ہو سکتی ہے، لیکن یہ اثرات ہر کسی پر نہیں ہوتے۔

اب جب کہ آپ کو حقیقت معلوم ہو چکی ہے، تو آپ اطمینان سے ٹھنڈا پانی پی سکتے ہیں، یہ آپ کے وزن میں اضافہ نہیں کرے گا۔