پشاور سمیت صوبے بھر میں سائرن سسٹم نصب، سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کے لیے سائرن وارننگ سسٹم کی تنصیب شروع کر دی ہے۔ پشاور سٹی میں سائرن کا آزمائشی تجربہ مکمل کر لیا گیا ہے، جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔
آزمائشی مرحلے کے بعد اب کینٹ اور دیہی علاقوں میں بھی سائرن نصب کیے جا رہے ہیں۔ ضلعی سطح پر بھی سسٹم کی تنصیب جاری ہے تاکہ پورے صوبے کو ہنگامی اطلاعاتی نیٹ ورک سے جوڑا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ نظام ممکنہ خطرات یا حملوں کی صورت میں بروقت انتباہ فراہم کرے گا۔
صوبے میں حالیہ کشیدگی کے پیش نظر حکومت نے پولیس، ریسکیو 1122 اور سرکاری اسپتالوں کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔ متعلقہ محکموں کو مکمل الرٹ پر رکھا گیا ہے اور ایمرجنسی پروٹوکول نافذ العمل کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال کا فوری اور مؤثر جواب دیا جا سکے۔