پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صفائی کے نظام کو مؤثر، شفاف اور خودکار بنانے کے لیے "پاک صاف ایپ" متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اقدام "سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ فریم ورک" کا حصہ ہے، جس پر عمل درآمد کے لیے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا۔
اجلاس کے دوران منصوبے کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ڈپٹی سیکرٹری (ٹیکنیکل) نے بتایا کہ "پاک صاف ایپ" کے ذریعے کچرے کی نکاسی کے تمام مراحل کو ڈیجیٹل کیا جائے گا، جبکہ شہریوں کی شکایات کو فوری طور پر نمٹانے کے لیے موثر سسٹم متعارف کیا جا رہا ہے۔ ایپ میں شامل جدید ڈیش بورڈ کے ذریعے گاڑیوں کی لوکیشن، عملے کی کارکردگی اور صفائی کی صورتحال کی نگرانی ممکن ہوگی۔
منصوبے کے مؤثر نفاذ کے لیے لوکل کونسل بورڈ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام ٹی ایم ایز سے ڈیٹا حاصل کرے، جبکہ ڈبلیو ایس ایس سی کو فوری طور پر معلومات فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منصوبے کی کامیاب تکمیل کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مقررہ ٹائم لائنز کی پابندی کریں گے۔ اس سلسلے میں ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جو ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ کی سربراہی میں منصوبے کی نگرانی کرے گی۔
