پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے بھارتی جنگی جنون کے تناظر میں تعلیمی اداروں میں حفاظتی اقدامات کے تحت تمام تقریبات معطل کرتے ہوئے طلبا کو شہری دفاع کی تربیت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ موجودہ حالات میں اسپورٹس اور دیگر غیرنصابی پروگرامز فوری طور پر بند کر دیے جائیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ موجودہ غیرمعمولی صورتحال کے پیش نظر طلبا کو سول ڈیفنس کی تربیت دی جائے تاکہ وہ کسی بھی ہنگامی حالت میں خود کو اور دوسروں کو محفوظ رکھنے کی صلاحیت حاصل کر سکیں۔
محکمہ تعلیم نے تمام تعلیمی اداروں اور بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ ان احکامات پر فوری اور مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔