ممتاز امریکی دفاعی جریدے ’دی نیشنل انٹرسٹ‘ نے کہا ہے کہ 7 مئی کو پاک بھارت افواج کی فضائی جھڑپ پاکستان کی واضح کامیابی پر ختم ہوئی ہے۔
امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق بیشتر دفاعی ماہرین کا گمان تھا کہ عددی طاقت اور وسائل کی وجہ سے بھارت کا پلڑا بھاری رہے گا، مگر 7 مئی کی فضائی جھڑپ میں پاکستان کی بالادستی سب کو نظر آئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فضائی جھڑپ کے بعد پاکستان کی جانب سے بڑی کامیابیوں کے اعلانات کیے گئے، جس کی بھارتی افواج کی جانب سے کوئی تردید نہیں کی گئی اور تردید نہ کرنے کی وجہ سے بھارت کی پوزیشن مشکوک ہوتی ہے۔
دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاکستان نے چین کے جے 10 سی طیاروں اور میزائلوں سے 5 بھارتی طیارے مار گرائے، جن میں انتہائی مہنگے اور طاقتور سمجھے جانے والے فرانسیسی ساختہ 3 رافیل طیارے بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ نیشنل انٹرسٹ میگزین کی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے جے 10 سی طیاروں کے ذریعے فرانسیسی رافیل سمیت 5 طیارے گرانے کی خبروں کے بعد جے 10 سی انٹرنیٹ پر چھاگئے ہیں، دنیا بھر کے میڈیا، سوشل میڈیا پر جے 10 سی فائٹر جیٹ کا تذکرہ زبان زد عام ہے، اسی وجہ سے جے 10 سی بنانے والی کمپنی کے شیئرز بھی اوپر چلے گئے۔
چین کی حکومت اس تمام تر صورت حال میں خاموش ہے، تاہم چین کے عوام کھل کر بھارت کی شکست کا مذاق اڑاتے دکھائی دیتے ہیں، چین کے سوشل میڈیا پر بھارت کے طیارے گرائے جانے پر میمز کی بھرمار ہے، مرد، خواتین اور بچے سوشل میڈیا پر بھارتی جہازوں کے گرنے کے حوالے سے میمز کی ویڈیو شیئر کر رہے ہیں۔