مودی کی جنگ میں بدترین شکست نے انہیں شدید غصے میں مبتلا کر دیا، عمران خان

راولپنڈی:
پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اس وقت شدید غصے میں ہیں اور وہ انتقامی کارروائی کے لیے مزید حماقت کر سکتے ہیں، اس لیے پاکستان کی فورسز اور قوم کو الرٹ رہنا ہوگا۔

اڈیالہ جیل میں اپنی بہن علیمہ خان سے ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ مودی پاکستان سے سخت نفرت کرتے ہیں اور ان کی موجودہ غصے کی حالت میں وہ دوبارہ کوئی بڑی غلطی کر سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی قوم اور فورسز کو ہوشیار رہنا چاہیے تاکہ کسی بھی غیر متوقع حملے کا فوری طور پر جواب دیا جا سکے۔

علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے موجودہ حالات پر بات کی اور انہیں بتایا کہ پاکستانی قوم خوش ہے اور اپنے قائد سے وفادار ہے۔

عمران خان نے اس موقع پر کہا کہ جنگ میں فوری ردعمل بہت ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کے بعد مودی نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور حملہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کی صورتحال میں 60 فیصد کامیابی دماغی حکمت عملی پر منحصر ہوتی ہے اور انہیں خدشہ ہے کہ مودی بدترین شکست کے بعد دوبارہ کوئی ایسی کارروائی کر سکتا ہے جو پاکستان کے لیے خطرہ بنے۔