پنجاب کے تعلیمی اداروں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ وزیر تعلیم پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ صوبے بھر کے سکولوں میں گرمیوں کی تعطیلات 28 مئی سے شروع ہوں گی۔
شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر سکولوں کے اوقات کار میں بھی تبدیلی کر دی گئی ہے۔ وزیر تعلیم کے مطابق اب سکول صبح 7 بج کر 30 منٹ سے 11 بج کر 30 منٹ تک کھلے رہیں گے۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ بچوں کی صحت اور حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلباء کو گرمی سے بچایا جا سکے۔ تعطیلات کے دوران طلباء کو اپنی تعلیم کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔
قبل ازیں، وزیر تعلیم پنجاب نے کہا تھا کہ صوبے میں گرمیوں کی چھٹیوں سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ تین سے چار روز میں کر لیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ چھٹیوں کی تاریخ میں ممکنہ ردوبدل کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، تاہم فی الحال گرمیوں کی چھٹیوں کی تاریخ یکم جون ہی برقرار ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم موجودہ تعلیمی سال کے دوران اسکولوں کی بندش کے باعث ہونے والے لرننگ لاسز کے ازالے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، اور ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ ان نقصانات میں مزید اضافہ نہ ہو۔
وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ اس وقت صوبے بھر کے اسکولوں میں معمول کے مطابق تدریسی سرگرمیاں جاری ہیں اور فی الحال کوئی فوری بندش کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے طلباء اور والدین کو مشورہ دیا کہ وہ ہیٹ ویو کے ممکنہ اثرات سے بچاؤ کے لیے جاری کردہ ہدایات پر سختی سے عمل کریں تاکہ بچے محفوظ رہیں۔