پاک بھارت چار روزہ غیر اعلانیہ جنگ کے دوران مغرور بھارتی طاقت کا غرور، عالمی سفارتکاری اور سیاسی طلسم کو توڑنے میں کامیابی پر پاکستانی قوم اور اس کی افواج کو جشن فتح اور یوم تشکر خوب خوب منانے کا پورا پورا حق ہے۔
پاکستان کےدفاع اور حملہ آور دشمن بھارت کوموثر جواب دینے کی جو حکمت عملی پاکستان کے فوجی قائدین نے اپنائی ہے اس کی کامیابی، تعریف اور برتری کا اعتراف صرف امریکی میڈیا ہی نہیں بلکہ عالمی میڈیا بھی کھلے بندوں تصدیق اور اعتراف کرکے بھارتی میڈیا کو شرم دلانے کے ساتھ ساتھ بھارتی قیادت اور دعوؤں کو بھی بے نقاب کررہا ہے۔
جی ہاں! وہی امریکی میڈیا جو اکثر بھارت کے مقابلے میں پاکستان پر تنقید اور نامناسب امتیازی تبصروں اور تجزیوں کاایک بڑا ریکارڈ رکھتا ہے وہی امریکی اور عالمی میڈیا اب بھارتی میڈیا کے جھوٹے دعوؤں اور بھارت کی مودی حکومت کی صدر ٹرمپ سے جنگ بندی کی فریاد سمیت متعدد حقائق بیان کرکے بھارت کو مسلسل ناراض کررہا ہے۔
اس پر مستزاد یہ کہ خود صدر ٹرمپ بار بار اپنے بیانات میں پاک بھارت جنگ بندی کے لئے اپنی مداخلت کا ذکرکرکے بھارت کا تھرڈ پارٹی کی مداخلت سے انکاری رہنے کے موقف کی بھی عملی اور حقیقی تردید کرکے شکست خوردہ بھارت کے زخموں پرنمک پاشی کررہے ہیں ظاہر ہے کہ یہ حقائق پاکستانی عوام اور افواج کیلئے و طن کا دفاع ور دشمن بھارت کو فکر اور طیش میں مبتلا کردینے کے لئے بہت کافی ہے
لیکن سوال یہ ہے کہ کیا پاکستان کے مضبوط دفاع کی تاریخ میں یہ منفرد کامیابی اور فتح پاکستان صرف جشن فتح تک مستقل اور محدود ہے یا محفوظ مستقبل کیلئے مزید تیاری اور تدبر ہماری منزل ہونا چاہئے۔