امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے بلوچستان میں سکول بس پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان میں تعینات قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر کی جانب سے یو ایس اسمبلی اسلام آباد کے ایکس اکاؤنٹ پر بلوچستان میں دہشت گردوں کے ہونے والے حالیہ سفاک حملے کی مذمت کا پیغام پوسٹ کیا گیا۔
نیٹلی بیکر نے لکھا کہ ہم خضدار میں سکول بس پر بے رحمانہ اور سفاکانہ حملے کی مذمت میں پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ شامل ہیں، امریکی سفیر نے مزید کہا کہ معصوم بچوں کا قتل ناقابل فہم ہے۔
انہوں نے لکھا کہ ہم اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں، کسی بھی بچے کو سکول جاتے ہوئے خوف کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
نیٹلی بیکر نے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں اُن لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو اس تشدد کے خاتمے کے لئے کوشاں ہیں۔