وہ کونسی عام غلطی ہے جس کے باعث جان سینا کو 2 بار کینسر کا سامنا ہوا

معروف امریکی ریسلر اور اداکار جان سینا نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اب تک دو مرتبہ جِلدی کینسر کا سامنا کر چکے ہیں۔ 48 سالہ ریسلر کا کہنا ہے کہ ماضی میں وہ سن اسکرین کے استعمال کو نظر انداز کرتے رہے، جس کے نتیجے میں انہیں جِلدی کینسر لاحق ہوا۔
جان سینا نے بتایا کہ پہلا کینسر زدہ نشان ان کے سینے پر ایک معمول کے چیک اپ کے دوران دریافت ہوا جبکہ دوسرا نشان ایک سال بعد کمر میں پایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں مرتبہ ڈاکٹروں کی جانب سے کالز کے ذریعے انہیں کینسر کی تشخیص سے آگاہ کیا گیا، جو ان کے لیے زندگی بدل دینے والے لمحات تھے۔
انہوں نے جِلدی کینسر سے بچاؤ کے لیے سن اسکرین کے استعمال کو نہایت ضروری قرار دیا اور مردوں کو اس حوالے سے زیادہ احتیاط برتنے کی تلقین کی۔ سینا کے مطابق، جِلدی نگہداشت صرف خواتین تک محدود نہیں ہونی چاہیے، مردوں کو بھی اس حوالے سے شعور پیدا کرنا چاہیے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جب مشہور شخصیات جیسے جان سینا جِلدی کینسر جیسے معاملات پر بات کرتے ہیں تو اس سے عوام میں آگاہی اور احتیاطی تدابیر اپنانے کا رجحان بڑھتا ہے۔ ماہرین کے مطابق سورج کی مضر شعاعیں جِلد کے خلیات کو نقصان پہنچا کر کینسر کا سبب بن سکتی ہیں، جس سے بچاؤ کے لیے سن اسکرین مؤثر ہتھیار ہے۔