ہونڈا کا ’سِوک ٹائپ آر‘ کی پیداوار بند کرنے کا اعلان

یورپ میں ہونڈا کی جانب سے اپنی مشہور زمانہ ہائی پرفارمنس ہیچ بیک ”سِوک ٹائپ آر“ کو 2026 تک بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے ساتھ ہی اس گاڑی کی 28 سالہ شاندار تاریخ بھی اختتام پذیر ہو رہی ہے۔ یہ فیصلہ فورڈ کے ”فوکس ایس ٹی“ کی بندش کے بعد سامنے آیا ہے، جو یورپی کار مارکیٹ میں ہائی پرفارمنس گاڑیوں کے مستقبل پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

ہونڈا نے ٹائپ آر ماڈل کا الوداعی ورژن ”الٹی میٹ ایڈیشن“ کے نام سے متعارف کرایا ہے، جو پورے یورپ میں صرف 40 یونٹس تک محدود ہوگا۔ ہر گاڑی ”چیمپئن شپ وائٹ“ رنگ میں ہوگی، جس پر سرخ گرافکس بنے ہوں گے جو معروف ریڈ ہونڈا بیج سے دروازوں تک پھیلے ہوں گے۔

کاربن فائبر کا استعمال گاڑی کے بیرونی اسپائلر، اندرونی ٹرم، حتیٰ کہ کپ ہولڈر اور کی رنگ تک میں نمایاں ہوگا۔ ہر خریدار کو ایک خصوصی گفٹ بکس بھی دیا جائے گا، جس میں 1 سے 40 کے درمیان نمبر والا ”ایمبلم“ شامل ہوگا، تاکہ اس ماڈل کی انفرادیت کو اجاگر کیا جا سکے۔

اس ماڈل میں ظاہری تبدیلیاں ضرور کی گئی ہیں مگر سابقہ FK8 لیمیٹڈ ایڈیشن کی طرح کوئی بڑی پرفارمنس اپگریڈ شامل نہیں۔

ہونڈا کا خراجِ تحسین

یورپ میں ہونڈا کی ہیڈ آف اسٹریٹیجی اینڈ پراڈکٹ، ہنّا سوئفٹ نے اس موقع پر کہا کہ ’الٹی میٹ ایڈیشن گزشتہ 28 سال کی پرفارمنس ہیریٹیج کو خراج تحسین ہے۔ یہ اس بات کی علامت ہے کہ ہونڈا ڈرائیونگ کے جذبے سے آج بھی سرشار ہے، چاہے صنعت میں معیارات اور قوانین کیسے ہی کیوں نہ بدل جائیں۔‘

ضوابط کی بندش اور مستقبل غیر یقینی

سِوک ٹائپ آر کی بندش کی ایک بڑی وجہ یورپی یونین میں آنے والے ”GSR2 سیفٹی ریگولیشنز“ ہیں، جن کے تحت نئی گاڑیوں میں اضافی ایکٹو سیفٹی فیچرز شامل کرنا لازمی ہوگا۔ موجودہ سِوک ٹائپ آر ان معیارات پر پوری نہیں اترتی اور ہونڈا نے تاحال کوئی جانشین ماڈل یا نئے فیچرز کے ساتھ واپسی کا اعلان نہیں کیا۔

یہ ممکن ہے کہ FL5 جنریشن کے ساتھ ہی پوری ٹائپ آر سیریز کو ختم کر دیا جائے، تاہم ماضی میں بھی سِوک ٹائپ آر کی پیداوار کچھ عرصے کے لیے روکی گئی تھی اور پھر بہتر انداز میں واپسی کی۔ لہٰذا یہ فیصلہ وقتی ہو یا مستقل، اس پر ابھی مکمل روشنی نہیں ڈالی گئی۔

دستیابی اور قیمت

صرف برطانیہ کے لیے اس الٹی میٹ ایڈیشن کی 10 یونٹس مختص کی گئی ہیں، جو اس مارکیٹ میں پرفارمنس گاڑیوں کی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ ماڈل موجودہ سِوک ٹائپ آر کے ساتھ ”پہلے آئیے، پہلے پائیے“ کی بنیاد پر فروخت کے لیے دستیاب ہوگا۔ قیمت کا آغاز متوقع طور پر 60,000 پاؤنڈ (تقریباً 2 کروڑ پاکستانی روپے) سے ہوگا۔

سِوک ٹائپ آر کی بندش صرف ایک ماڈل کا اختتام نہیں، بلکہ یورپ میں ہائی پرفارمنس ہیچ بیکس کے دور کے خاتمے کی علامت بن کر ابھری ہے۔ ہونڈا کے اس فیصلے سے یورپی کار مارکیٹ کے بدلتے ہوئے رجحانات اور سخت قوانین کا عکس بھی واضح ہو رہا ہے۔