نیتن یاہو اور اس کے قتل عام کے نیٹ ورک کو ہرصورت روکنا ہوگا: ترک صدر

ترک صدر نے اسرائیل کے ایران پر حملے پر سخت بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے خطے کوعدم استحکام میں دھکیلنے کی پالیسی کو خطرناک مرحلے تک پہنچادیا ہے۔

ترک صدررجب طیب اردوان کا کہناتھا کہ  ایران پر اسرائیلی حملہ کھلی اشتعال انگیزی  ہے، حملےاس وقت کیے گئے جب جوہری پروگرام پر مذاکرات حتمی مرحلےمیں تھے، غزہ میں اسرائیل کے غیر انسانی اقدامات کے خلاف عالمی دباؤ بڑھ رہا ہے، نیتن یاہو انتظامیہ پوری دنیا کو تباہی کی طرف لے جانا چاہتی ہے، نیتن یاہو اور اس کے قتل عام کے نیٹ ورک کوہرصورت روکنا ہوگا۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے، اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 5 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔