یہ سچ نہیں کہ امریکا ایران پر حملہ کر رہا ہے: وائٹ ہاؤس عہدیدار

وائٹ ہاؤس عہدیدار کا کہنا ہے کہ یہ سچ نہیں کہ امریکا ایران پر حملہ کر رہا ہے۔

امریکی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس انتظامیہ کو ایرانی حکام سے جلد ملاقات کے اہتمام کی ہدایت کی ہے۔

نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ ٹرمپ اس ہفتے نائب صدر وینس اور نمائندہ خصوصی وٹکوف کی ایرانی حکام سے ملاقات چاہتے ہیں۔

امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں اضافی دفاعی صلاحتیں تعینات کرنے کا مقصد خطے میں دفاعی پوزیشن کو بڑھانا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی طیارہ بردار جہاز نِمٹز مشرق وسطیٰ روانہ کیا گیا، نمٹز پر 60 جنگی جہاز اور 5 ہزار اہلکار رکھنے کی گنجائش ہے، 31 سے زائد ری فیولنگ جہاز اتوار کو امریکا سے روانہ کیے گئے تھے۔ طیاروں نے جرمنی، برطانیہ، اسٹونیا اور یونان میں لینڈ کیا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو تہران خالی کرنے کی وارننگ دی تھی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہوں نے ایران سے کہا تھا کہ نیوکلیئر ڈیل پر دستخط کردیں، انہیں ایسا کرنا چاہیے تھا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ انسانوں جانوں کا ضیاع شرم کی بات ہے، ایران کسی صورت نیوکلیئر ہتھیار حاصل نہیں کرسکتا۔

اپنے پیغام میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی شہریوں کو خبردار کیا کہ ہر شخص تہران خالی کردے۔