کورونا میں مبتلا ہونے والی تقریبا تمام شوبز شخصیات صحت یاب

ملک میں جہاں کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے اور یومیہ ڈھائی سے 3 ہزار افراد میں کورونا کی تشخیص ہو رہی ہے، وہیں ملک میں وبا سے صحت یاب ہونے والے افراد میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

کورونا سے شوبز کی معروف شخصیات بھی متاثر ہوئی تھیں ، جن میں سے زیادہ تر صحت یاب ہوچکی ہیں جب کہ کچھ شخصیات کو امید ہے کہ وہ بھی جلد کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گی۔

اب تک ایک درجن سے زائد شخصیات کورونا کو شکست دے چکی ہیں جن میں سے گزشتہ 10 دن کے اندر ہی نصف درجن کے قریب شخصیات کورونا سے صحت یاب ہوئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و گلوکار ابرارالحق میں گزشتہ ماہ 31 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

قرنطینہ کے دوران بھی ابرارالحق آن لائن کام کرتے دکھائی دئیے تھے، تاہم اب ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا۔

ابرار الحق نے 24 جون کو اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ان کا دوسرا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا اور وہ کورونا سے صحت یابی کے بعد آج پہلے دن دفتر کام پر پہنچے ہیں۔

گلوکار نے کورونا سے صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ وہ عوام کی دعاو¿ں کی بدولت ہی جلد صحت یاب ہوئے ہیں۔

ابرارالحق سے قبل اداکار و میزبان واسع چوہدری بھی چند دن قبل کورونا سے صحت یاب ہوگئے تھے۔


واسع چوہدری میں بھی رواں ماہ 8 جون کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا تھا۔

واسع چوہدری کا دوسرا کورونا ٹیسٹ 17 جون کو مفنی آیا اور انہوں نے صحت یابی کے لیے دعاو¿ں پر مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

میزبان واسع چوہدری سے قبل اداکار یاسر نواز اور ان کی اہلیہ میزبان و ادکارہ ندا یاسر بھی کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوئے تھے۔

ندا یاسر اور یاسر نواز میں گزشتہ ماہ 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے بھی خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔

دونوں اداکاروں نے 15 جون کو دوبارہ ٹیسٹ کرایا تھا جو کہ خوشقسمتی سے منفی آیا تھا۔

کورونا سے صحت یابی کے بعد یاسر نواز اور ندا یاسر نے ڈاو¿ ہسپتال میں بلڈ پلازما بھی عطیہ کیا تھا اور یاسر نواز نے کورونا سے صحت یاب ہونے والے افراد کو اپنا پلازما عطیہ کرنے کی اپیل کی تھی۔


یاسر نواز اور ندا یاسر کی طرح سینیئر اداکارہ روبینہ اشرف بھی حال ہی میں کورونا سے صحت یاب ہوئی ہیں۔

روبینہ اشرف میں بھی گزشتہ ماہ مئی میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم انہوں نے خود کو کورونا ہونے کی تصدیق رواں ماہ 3 جون کو کی تھی۔

کورونا کی تشخیص کے بعد 8 جون کو روبینہ اشرف کے حوالے سے خبریں وائرل ہوئیں کہ ان کی حالت تشویش ناک ہوگئی اور انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل کرادیا گیا مگر اداکارہ نے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا تھا۔

تین دن قبل ہی روبینہ اشرف نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ وہ کورونا سے صحت یاب ہوگئیں۔

روبینہ اشرف کی بیٹی نے بھی والدہ کی صحت یابی کے حوالے سے آگاہ کیا تھا جب کہ اداکارہ کے شوہر نےمیڈیا کو بتایا کہ ان کی اہلیہ کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے، تاہم وہ کچھ دن تک ہسپال رہیں گی۔

ان سے قبل اداکار نوید رضا بھی کورونا سے رواں ماہ 11 جون کو صحت یاب ہوگئے تھے۔

نوید رضا میں بھی 25 مئی کو کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور انہوں نے بھی خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا۔