ماہرہ خان کو لندن میں ہراسانی کا سامنا، ویڈیو وائرل

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کو لندن میں اپنی نئی فلم "لو گرو" کے پروموشنل ایونٹ کے دوران ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، ماہرہ خان اداکار ہمایوں سعید کے ہمراہ ایلفورڈ ٹاؤن میں ایونٹ میں شریک تھیں، تاہم سیکیورٹی ہجوم کو کنٹرول کرنے میں ناکام رہی، جس کے باعث اداکارہ کو نامناسب رویے کا سامنا کرنا پڑا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ماہرہ خان ہجوم میں گھری ہوئی تھیں اور کچھ افراد نے انہیں نامناسب انداز میں چھوا، جس پر وہ واضح طور پر پریشان نظر آئیں۔

ذرائع کے مطابق، تقریب کے دوران نجی میڈیا کی خاتون رپورٹر کو بھی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر انہوں نے پولیس کو طلب کر لیا۔

یہ واقعہ سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کا باعث بنا، اور مداحوں نے ماہرہ خان کے حق میں یکجہتی کا اظہار کیا۔