اداکارہ صبور علی نے ماں بننے کے 2 ماہ بعد اپنی گود بھرائی کی تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
صبور علی اور ان کے شوہر اداکار علی انصاری نے 19 مارچ کو انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے اپنے ہاں پہلے بچے کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے نومولود بچی کے ساتھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے والدین بننے کی خوشخبری دی تھی۔
اپنی پوسٹ میں دونوں نے بتایا تھا کہ ان کے ہاں 18 مارچ کو بیٹی کی پیدائش ہوئی اور انہوں نے اپنی بیٹی کا نام سرینا علی رکھا ہے۔
اب، بیٹی کی پیدائش کے دو ماہ بعد صبور علی اور علی انصاری نے گود بھرائی کی تقریب کی ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں صبور علی کو خوبصورت روایتی لباس میں دیکھا جاسکتا ہے۔
تقریب میں ان کے قریبی دوستوں کی شرکت بھی دیکھی گئی، جن میں منال خان، سدرہ نیازی، یشما گل، مومل شیخ اور کنزہ ہاشمی شامل تھیں۔
ویڈیو میں صبور علی کے والد اور علی انصاری کی والدہ و بہن کو بھی دیکھا جاسکتا ہے، جو اس خوشی کے موقع پر موجود تھے۔
واضح رہے کہ صبور علی اور علی انصاری نے کچھ عرصہ تعلق میں رہنے کے بعد جنوری 2022 میں شادی کی تھی۔