مس انگلینڈ 2024 مِلا میگی نے بھارت میں جاری مس ورلڈ مقابلے سے اچانک علیحدگی اختیار کر لی ہے، جس کے بعد مقابلے کے منتظمین پر سخت الزامات لگائے گئے ہیں۔
برطانوی اخبار "دی سن" کے مطابق مِلا میگی کا کہنا ہے کہ انہیں ایک پرفارمنگ منکی کی طرح برتا گیا اور بھارتی شہر حیدرآباد میں 7 مئی کو ہونے والی ایک تقریب میں انہیں ایسے افراد کی تفریح کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کی گئی جو مقابلے کو مالی معاونت فراہم کر رہے تھے۔
مِلا میگی کا کہنا تھا کہ انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ جسم فروشی کے ماحول میں ہوں اور جب انہوں نے سماجی مسائل پر گفتگو کی کوشش کی تو تقریب میں موجود افراد نے لاتعلقی ظاہر کی۔
مس انگلینڈ کی ڈائریکٹر نے ان کی واپسی کو ذاتی وجوہات قرار دیا جبکہ مس ورلڈ کی سی ای او جولیا مورلی نے وضاحت دی کہ میگی نے اپنی والدہ کی طبیعت کی خرابی کی بنیاد پر دستبرداری کی درخواست کی تھی۔
اب ان کی جگہ رنر اپ شارلٹ گرانٹ، جو موجودہ مس لیورپول بھی ہیں، مس ورلڈ 2024 میں حصہ لے رہی ہیں۔ واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی مس انگلینڈ نے مقابلے کے دوران دستبرداری اختیار کی ہو۔
