نیو دہلی۔ بالی ووڈ کے سنجو بابا کے کینسر میں مبتلا ہونے سے بھارتی فلمسازوں کے 735کروڑ روپے داؤ پر لگ گئے ہیں
سنجے دت کی بیماری کے بعد فلم ساز پریشان ہیں کہ ان کی فلموں کا کیا ہوگا؟بولی وڈ بابا سنجے دت کے حوالے سے گزشتہ ہفتے سے خبریں ہیں کہ انہیں تیسرے یا چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہوگیا ہے، تاہم تاحال انہوں نے اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔
سنجے دت میں کینسر کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے ابتدائی طور پر 11 اگست کو خبریں شائع کی تھیں، جن میں کچھ رپورٹس میں اداکار کو تیسرے جب کہ کچھ میں انہیں چوتھے درجے کا کینسر لاحق ہونے کا بتایا گیا تھا۔
سنجے دت کی فلم سڑک 2، تورباز اور بھج ریلیز کیے لیے تیار ہیں اور سڑک 2 کو تو رواں ماہ 28 اگست کو آن لائن ریلیز کردیا جائے گا، جب کہ باقی دونوں فلموں کی بھی جلد ریلیز کا اعلان متوقع ہے۔
مذکورہ تینوں فلموں کے علاوہ سنجے دت کی فلمیں شمشیرا، پرتھوی راج اور کے جی ایف چیپٹر 2 نامی کنڈا زبان کی فلمیں بھی شوٹنگ کے آخری مراحل میں تھیں جبکہ ان فلموں میں سنجے دت کا کردار انتہائی اہم ہے۔
فلمی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہیں کہ اگر سنجے دت کی بیماری اور علاج طویل ہوا تو مذکورہ فلموں کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوسکتی ہے اور فلمی سرمایہ کاروں کی رقم کافی عرصے تک ڈوب جانے کا خدشہ ہے۔