وزیراعظم نےملک میں فلم انڈسٹری اور سنیما کی بحالی کے اقدامات کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ثقافت اور قومی ورثے کے فروٖغ کے لیے ملک میں فلم انڈسٹری اور سنیما کی بحالی کے اقدامات کی منظوری دے دی۔

 وزیر اعظم نے فلم انڈسٹری کی بحالی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے فلم اور سنیما انڈسٹری کی بحالی سے متعلق ایک ورکنگ پیپر پیش کیا تھا جسے وزیر اعظم نے منظور کرلیا۔

اجلاس میں فلم اور سنیما انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کو مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا اور انہوں نے معیاری فلمیں بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے بنیادی طور پر ثقافت، قومی ورثے اور لوگوں کے انٹرٹینمنٹ کے فروغ کے لیے فلم انڈسٹری کی بحالی کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے ملک میں بننے والی فلموں کی تعداد میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور متعلقہ حلقوں کو فلم سازوں اور فنکاروں کی مالی معاونت کے لیے کے فنڈ قائم کرنے کی ہدایت کی۔

  اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت ملک میں 70 سنیما اور 150 ملٹی پلیکس اسکرینز ہیں جس پر وزیر اعظم نے کہا کہ عام آدمی جدید ملٹی پلیکس اسکرینز پر فلمیں دیکھنے کا متحمل نہیں ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ قابل استطاعت لاگت کے ساتھ فلم دیکھنے کے لیے ملک بھر میں سنگل اسکرین سنیما قائم ہونے چاہئیں۔   اس کے ساتھ ہی وزیر اعظم کو بتایا گیاتھا کہ ایک وقت ایسا تھا جب ملک میں ایک ہزار 150 سے زائد سنیما موجود تھے لیکن سال 2000 میں ان کی تعداد کم ہو کر 25 سے 30 ہوگئی۔