وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

 وفاقی کابینہ ارکان نے سرکاری ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن  بڑھانے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان وفاقی وزیر غلام سرور پر رنگ روڈ معاملے پر پریس کانفرنس کرنے پر برس پڑے


ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جائے، جس پر وزیر خزانہ نے بجٹ میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافے اور عوامی ریلیف کے فیصلوں پر اصولی اتفاق کیا۔ 

 اسی طرح کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی کے تحت وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر غلام سرور کے درمیان مکالمہ ہوا۔

 وفاقی وزیر غلام سرور نے پنجاب حکومت کے رنگ روڈ انکوائری کیلئے جاری ٹی اوآرازپر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ٹی اوآراز میں مجھے ٹارگٹ کیا گیا ہے۔


جس پر وزیراعظم عمران خان نے غلام سرور کو جواب دیاکہ آپ نے رنگ روڈ اسکینڈل سے متعلق پریس کانفرنس کرکے اچھا نہیں کیا، انکوائری آپ کے خلاف نہیں ہے، رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری انتہائی شفاف ہوگی،

 پنجاب حکومت اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو انکوائری سونپی گئی ہے۔ جس پر غلام سرور نے کہا کہ چار ٹی وی چینلز نے غلط طور پر میرا نام لیا، اس لیے پریس کانفرنس ضروری تھی،

 میرا رنگ روڈ اسکینڈل سے کوئی تعلق نہیں لیکن مجھے پھر بھی اس میں گھسیٹا گیا۔وزیراعظم نے روکنے کی کوشش کی لیکن غلام سرور خان کابینہ اجلاس میں چار مرتبہ بولے۔ جس پر وزیراعظم نے ان کی ساری بات سنی۔