ویتنام میں کورونا پھیلانے پر ایک شخص کو 5 سال قید کی سزا

ہنوئی: ویتنام میں کورونا وائرس پھیلانے پر ایک شخص کو 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ویتنام کے شہری 28 سالہ لی وان ٹری نے گھر میں قرنطینہ کرنے کے قانون کی خلاف ورزی کی جس کے بعد انہیں لوگوں میں خطرناک بیماریاں پھیلانے پر سزا سنائی گئی۔

رپورٹ کے مطابق لی وان ٹری نے ملک میں کورونا وائرس کے گڑھ ہو چی من سٹی سے اپنے آبائی صوبے کاما گیا، جس کی وجہ سے وہ کورونا وائرس مزید پھیلنے کی وجہ بنا۔

کاما میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ہو چی من سٹی کے مقابلے میں کم ہے اور صوبے میں 21 دن تک گھر میں قرنطینہ کرنا لازمی قرار دیا گیا تاہم مذکورہ شخص نے اس قانون کی خلاف ورزی کی۔ لی وان ٹری میں کورونا وائرس کی تصدیق 7 جولائی کو ہوئی تھی۔

عدالتی رپورٹ کے مطابق لی وان ٹری نے گھر میں قرنطینہ کرنے کے طبی قانون کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے کئی لوگ کورونا وائرس کا شکار ہوئے جس کے باعث 7 اگست 2021 کو ایک شخص کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری میڈیا کے مطابق لی وان ٹری کی وجہ سے8 لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔