ویران جزیرے پر 200 سال تک زندہ رہنے والی پراسرار بکریاں

برازیل کے شمال مشرق میں ایک سنسان جزیرہ، سانتا باربرا، اپنی عجیب و غریب بکریوں کی وجہ سے سائنسدانوں کے لیے ایک معمہ بن گیا ہے، جو بغیر پانی کے 200 سال تک زندہ رہنے میں کامیاب ہوئیں۔

یہ جزیرہ، جو ابرولہوس جزائر کا حصہ ہے، باہیا کے ساحل سے تقریباً 70 کلومیٹر دور واقع ہے۔ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ یہ بکریاں ممکنہ طور پر آبادکاروں کے ذریعے خوراک کے لیے یہاں لائی گئی تھیں، لیکن جب کالونی ناکام ہوئی تو یہیں رہ گئیں۔

حالیہ رپورٹ کے مطابق، ان بکریوں کی موجودگی 250 سال سے زیادہ پرانی ہے، حالانکہ جزیرے پر کوئی قدرتی پانی کا ذریعہ نہیں ہے۔ اس کے باوجود، بکریاں اس خشک اور طوفانی ماحول میں کامیابی سے زندہ رہیں۔

پچھلے مہینے، چیکو مینڈس انسٹی ٹیوٹ نے سانتا باربرا سے آخری 27 بکریوں کو ہٹا دیا، کیونکہ وہ ماحولیاتی توازن کو متاثر کر رہی تھیں۔ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی کہ زیادہ تر بکریاں جڑواں پیدا ہوئیں، جو ان کی صحت کی ایک اچھی علامت ہے۔