دنیا کے امیر ترین بھکاری کا اعزاز بھارت کے شہر ممبئی سے تعلق رکھنے والے بھارت جین کو حاصل ہے، جن کی کہانی روایتی سوچ کو چیلنج کرتی ہے۔ 54 سالہ بھارت جین گزشتہ 40 برسوں سے بھیک مانگنے کے پیشے سے وابستہ ہیں اور یومیہ 2,000 سے 2,500 بھارتی روپے کماتے رہے ہیں، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 8,200 روپے بنتے ہیں۔
ان کی ماہانہ آمدنی 60,000 سے 75,000 بھارتی روپے تک پہنچتی تھی، جسے انہوں نے دانشمندی سے سرمایہ کاری میں لگایا۔ بھارت جین نے ممبئی میں دو فلیٹس خرید رکھے ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 1.4 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ اس کے علاوہ، انہوں نے دو دکانیں بھی کرائے پر دی ہیں جن سے انہیں ماہانہ 30,000 روپے کا کرایہ حاصل ہوتا ہے۔
بھارت جین ایک شادی شدہ شخص ہیں، ان کے دو بیٹے مہنگے تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں۔ ان کے والد اور بھائی بھی خاندان میں شامل ہیں۔ اگرچہ اہل خانہ چاہتے ہیں کہ وہ بھیک مانگنے کا پیشہ چھوڑ دیں، لیکن بھارت جین نے یہ کام جاری رکھا ہوا ہے۔