برطانیہ میں ایک حیرت انگیز اور نایاب طبی عمل نے ڈاکٹروں کو بھی حیرت میں ڈال دیا، جب ایک حاملہ خاتون کے رحم کو سرجری کے دوران نکال کر ٹیومر ہٹانے کے بعد دوبارہ جسم میں رکھا گیا، اور بچہ صحیح سلامت پیدا ہوا۔
32 سالہ لوسی آئزک کو 12 ہفتے کی حمل کے دوران معمول کے اسکین میں پتہ چلا کہ وہ رحم کے سرطان (Ovarian Cancer) میں مبتلا ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق، اگر بچے کی پیدائش تک انتظار کیا جاتا، تو ماں کی جان خطرے میں پڑ سکتی تھی۔
چنانچہ 20 ویں ہفتے میں ایک پیچیدہ سرجری کی گئی، جس میں لوسی کا پورا رحم جسم سے نکال کر ٹیومر نکالا گیا۔ اس دوران بچہ رحم کے اندر موجود رہا، اور ماں کے خون سے منسلک رہتے ہوئے زندہ رہا۔
پانچ گھنٹے طویل سرجری کے دوران رحم کو جراثیم سے پاک نمکین پانی میں لپیٹ کر گرم رکھا گیا تاکہ بچے کی نشوونما میں خلل نہ آئے۔
سرجری مکمل ہونے کے بعد رحم کو دوبارہ جسم میں نصب کر دیا گیا اور باقی حمل معمول کے مطابق جاری رہا۔ بالآخر جنوری کے آخر میں بچہ Rafferty مکمل صحت کے ساتھ پیدا ہوا۔
سرجن ڈاکٹر ہومان سلیمانی نے کہا کہ یہ ان کے کیریئر کا سب سے مشکل اور منفرد آپریشن تھا۔
