اسلام آباد:وزیراعظم شہبازشریف نے پی ایم ریلیف فنڈ کے آڈٹ کا اعلان کر دیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ شفافیت کے وعدے کے مطابق وزیراعظم ریلیف فنڈ کا آڈٹ کیا جائے گا اور اس کی رپورٹ پبلک کی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ معلوم کیا جائے گا ملنے والا فنڈ کہاں اور کیسے خرچ کیا گیا،آڈٹ اے جی پی آر اور عالمی معیار کی فرم سے کرایا جائے گا۔
وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خدمات کی فراہمی کے حوالے سے بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔
ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی، ڈیسکوز، پی ٹی اے اور دیگر وفاقی حکومت کے محکموں نے تمام تر مشکلات کے باوجود شاندار کام کیا ہے اور بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو ٹھیک کر کے بحال کردیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں تمام پبلک سرونٹس کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جبکہ اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب سے بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا میں بجلی کے نظام کو شدید نقصان پہنچا۔ متاثرہ جگہوں پر بجلی کی فراہمی یقینا ایک بہت بڑا چیلنج تھا۔