نیویارک: وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں نے عالمی رہنمائوں کو پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں سے آگاہ کرتے ہوئے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے اجتماعی کوششوں اور اقدامات کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔
بدھ کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر میں نے دنیا کے مختلف ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کی ہیں جن میں انہیں بتایاکہ پاکستان تجارت اور معیشت کے لئے اشتراک کار کاخواہاں ہے۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے77 ویں اجلاس کےموقع پر نیویارک میں موجود وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون، ایرانی صدر سید ابراہیم رئیسی سے وفود کی سطح پر ملاقاتیں کی ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کابینہ ارکان کے ہمراہ اسپین کے وزیراعظم، نیوزیلینڈ کی ہم منصب جیسنڈا آرڈن، آسٹریا کے فیڈرل چانسلر کارل نہامر سے بھی ملاقات کی ہے۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے77 ویں جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر وزیراعظم امریکی صدر جو بائیڈن سمیت دیگرعالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 23 ستمبرکوہوگا۔