کرک:سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مریم نواز موجودہ حکومت میں ناجائز کام کروا رہی ہیں، زرداری،شہباز اور تیسری وکٹ کو گرانا ہے،مولانا فضل الرحمان کیلئے ان سوئنگ تیار کر لی، رانا ثنا اللہ کے لیے بھی پلاننگ کر رہا ہوں۔
اب پوری تیاری کررہا ہوں، حقیقی آزادی کی تحریک آخری اور فیصلہ کن ہوگی،آپ سب نے ساتھ دینا ہے۔حکمران غلط فہمی میں نہ رہیں قوم نکلنے کیلئے تیار ہے محض ایک کال کا انتظار ہے۔
وزیراعظم بیرونی ممالک سے پیسہ مانگ کر قوم کو شرمندہ کر رہے ہیں ٗپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کرک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھوڑا صبر کرنا پڑتا ہے سچ سامنے آجاتا ہے، آڈیو میں 3 چیزیں سامنے آئی ہیں۔
مریم نواز سے سچ نہیں بولا جاتا، ان کے اوپر1100 ارب کے کیسز تھے۔عمران خان نے کہا کہ آپ سب کا فرض ہے حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ بنیں، نوجوانو!آپ نے میرا ساتھ دینا ہے ان کا مقابلہ کرنا ہے، ان چوروں کی غلامی کرنے سے بہتر مرجانا ہے۔
جب یہ حکمران تھے تو400 ڈرون حملے ہوئے، جن کی جنگ میں ہم شامل تھے انہوں نے400 ڈرون حملے کیے، آزاد انسان اوپر جاتے ہیں غلام ملک ترقی نہیں کرتے، جنہوں نے ان کو مسلط کیا ان کو معلوم ہے یہ حکم مانیں گے۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ بیرونی سازش کے تحت ان کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا، حقیقی آزادی ہمارا مقصد ہے، غلام کی عزت نہیں ہوتی، پاکستان کے بڑے بڑے ڈاکوؤں کو ہمارے اوپر مسلط کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 4 سال پہلے اعتماد تھا کہ شاہد خٹک الیکشن جیت جائے گا، 4 سال پہلے یہاں جلسہ کیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ مریم نواز موجودہ حکومت میں ناجائز کام کروارہی ہے، یہ ایسے لوگ ہیں پیسے کے لیے کشمیریوں کی قربانیوں کو نظرانداز کرسکتے ہیں، یہ اقتدار میں صرف پیسہ بنانے آتے ہیں، یہ جب بھی اقتدار میں آئے ملکی قرضے بڑھ گئے، ملک مقروض ہو گیا یہ اور ان کا خاندان ارب پتی بن گیا۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اقتدار کے ذریعے ذات کو فائدہ پہنچانے کو کرپشن کہتے ہیں، اقتدار میں آپ خود کا نہیں عوام کا فائدہ کراتے ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی بے چاری کی کوئی جائیداد نہیں، مریم نواز اپنے داماد کے لیے بھارت سے مشینری امپورٹ کروارہی تھی، آدھی مشینری آگئی ہے آدھی کی سفارش کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے 3وکٹیں نظر آرہی ہیں، ایک ہے بیماری وہ ہے زرداری، بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی، دنیا میں کوئی ادارہ میرٹ کے علاوہ کامیاب نہیں ہوتا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم الیکشن کی طرف جائیں گے اور ان مافیاز کو شکست دیں گے، بھیک مانگ کر ترقی کرنا ہوتی تو کب کی کرچکے ہوتے، ہمارا وزیراعظم دوسرے ملکوں میں جاکر پیسہ مانگ رہا ہے۔ کمزور کے لیے الگ اور طاقتورکے لیے الگ قانون بنا ہوا ہے، 30سال سے یہ دو خاندان ملک پر مسلط ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ بھارت اور بنگلا دیش ہم سے آگے نکل گئے، ہم نے کبھی آگے بڑھنے کا نہیں سوچا کبھی آمدنی بڑھانے کا نہیں سوچا، میں اب پوری تیاری کررہا ہوں، حقیقی آزادی کی تحریک آخری اور فیصلہ کن ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رانا ثنا اور شہبازشریف کے لیے بھی پوری تیاری کررہا ہوں، کہتا ہے میں مانگنے نہیں آیا لیکن مجبوری ہے، میری قوم نکلنے کے لیے تیا رہے، حقیقی آزادی کی تحریک کے لیے پورے پاکستان میں جا رہا ہوں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کہتا ہے کہ عمران خان اپنا آرمی چیف لانا چاہتا ہے، عمران خان کو آرمی چیف نہیں چاہیے عمران خان کو میرٹ چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے بلاول بھٹو کا امریکا میں انٹرویو کا حوالے دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو نہ اپنا آرمی چیف چاہیے، نہ آئی ایس آئی چیف اور نہ ہی اپنا چیف جسٹس چاہیے، اور نیب کا سربراہ بھی اپنا نہیں چاہیے، عمران خان کو یہ لوگ میرٹ پر چاہئیں لیکن زرداری کو میرٹ کا مطلب ہی نہیں پتا، اگر انہیں پتا ہوتا تو آج تمہاری جگہ اعتزاز احسن کو لگایا ہوتا جو ایک منجھا ہوا سیاست دان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سارے مل کر ملک میں الیکشن کی طرف جائیں گے اور ہمیشہ کیلئے زرداری مافیا اور شریف مافیا کو الیکشن کے بعد پاکستان کی سیاست سے شکست دیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ الیکشن میں میرا پلان ہے کہ مجھے تین وکٹیں گرانی ہیں، زرداری اور شہباز شریف کی وکٹ ہے، اس کے ساتھ تیسری وکٹ کو بھی بڑی دیر سے دیکھ رہا ہوں، اس کے لیے میں نے اِن سوئنگنگ یارکر تیار کیا ہوا ہے، دیر کرکے سوئنگ کرے گا لیکن بیچ والی وکٹ لے کر جائے گا، فضل الرحمن نے آتے کے ساتھ ہی اپنے بیٹے کو اس وزارت پر بٹھایا ہے جہاں پر سب سے زیادہ پیسہ بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حکومت نے آکر رحمت للعالمین اتھارٹی بھی بند کردی، ان کو شرم آنی چاہیے، ہم اپنے لوگوں کی تربیت کرتے ہیں کہ اچھے برے کی تمیز سمجھیں، جو حکومت میں واپس آئیں گے تو اس اتھارٹی کو دوبارہ سے کھڑا کریں گے اور اپنے نوجوانوں کی تربیت کریں گے۔