لندن:وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے استعفیٰ دیدیا ٗ حکومت نے اسحاق ڈار کو نیا وزیر خزانہ نامزد کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق دو دن کی مشاورت کے بعد حتمی فیصلہ یہ ہوا ہے کہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ آج پاکستان واپس آئیں گے وہ کل سینٹ اجلاس میں بطور سینیٹر حلف اٹھائیں گے جبکہ پرسوں بروز بدھ وزارت خزانہ کا قلمدان سنبھالیں گے ٗ
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف کو اپنا استعفیٰ پیش کردیا۔مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں پارٹی اجلاس ہوا جس میں ملک کی سیاسی اور قومی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ اجلاس میں مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی نوازشریف کو پیش کیا اور کہا کہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھاکہ چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سیکام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔
نوازشریف نے مشکل حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پرمفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا۔ترجمان کے مطابق نوازشریف اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسحاق ڈارکو وزیرِخزانہ کیلئے نامزد کردیا۔اجلاس کاموقف تھاکہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کوبجھانا پڑی۔
ذرائع کے مطابق مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیرکو پاکستان پہنچ کر وزیر خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دوں گا۔خیال رہے کہ اس سے قبل لندن میں وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کی سلیمان شہبازکی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔دو دن کی طویل مشاورت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہبازشریف کیساتھ ہی پاکستان روانہ ہوں گے۔
اسحاق ڈارمنگل کو بطور سینیٹر اور بدھ کو وزیر خزانہ کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ملاقات میں نوازشریف نے مشورہ دیا کہ پاکستان جاناہی ہے تو وزیراعظم شہبازشریف کے ساتھ جائیں۔بدھ کو اسحاق ڈارکا پاکستان روانگی کا ٹکٹ کنفرم تھا تاہم اب نوازشریف کی ہدایت و مشورے پر اسحاق ڈار نے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔