اسحاق ڈار نے سینیٹ رکنیت کا حلف اٹھا لیا، اپوزیشن کا شدید احتجاج

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و نامزد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھا لیا۔ اس دوران اپوزیشن کی جانب سے شور شرابہ کیا گیا اور ہنگامہ آرائی کی گئی۔

ذرائع کے مطابق سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیرصدارت جاری ہے۔ اسحاق ڈار اجلاس میں شرکت کے لیے  وفاقی وزرا رانا ثنااللہ، خواجہ سعد رفیق اور اعظم نزیر تارڑ کے ہمراہ ایوان پہنچے۔

چیئرمین سینیٹ نے اسحاق ڈار سے سینیٹ کی رکنیت کا حلف لیا جس پر اپوزیشن ارکان نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی۔

پی ٹی آئی ارکان نے چیئرمین سینیٹ کی ڈائس کا گھیراؤ کیا اور اجلاس کےایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں۔

دوسری جانب حلف اٹھانے کے بعد حکومتی اتحاد کے ارکان نے اسحاق ڈار کی نشست پر جاکر مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نامزد کیا ہے۔