شہباز شریف و دیگر نے آڈیو لیک کی ہے،اب سائفر بھی لیک ہو جائے تاکہ قوم کو پتا چلے کتنی بڑی سازش ہوئی ہے،
سائفر کے اوپر تو ابھی میں نے کھیلا ہی نہیں ہے، یہ ایکسپوز کریں گے تو ہم کھیلیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی
پنجاب ہاوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم عمران خان نے آڈیو لیک ہونے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوا آڈیو لیک ہوئی، سائفر بھی لیک ہونا چاہیئے۔
صحافی نے سوال کیا کہ آپ آڈیو میں کہہ رہے ہیں کہ سائفر پر کھیلنا ہے؟ جس پر عمران خان نے جواب دیا کہ ابھی تو میں نے اس پر صحیح کھیلا ہی نہیں ہے، اب یہ ایکسپوز کریں گے تو ہم کھیلیں گے۔
عمران خان نے سائفر سے متعلق آڈیو لیک کرنے کا الزام وزیراعظم پر لگاتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اور دیگر نے یہ آڈیو لیک کی ہے، میں چاہتا ہوں کہ سائفر لیک ہو جائے تاکہ قوم کو پتا چلے کتنی بڑی سازش ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی سائفر کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ امریکا کا نام نہیں لینا، اب ہم نے صرف کھیلنا ہے۔
چند روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی ایک آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جس میں وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر دفاع اور وزیر قانون کے علاوہ ایاز صادق کی آواز بھی شامل تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیک کو ملکی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے کی ہر سطح سے تحقیقات کی جائیں گی۔