'پی ٹی آئی جلسوں پر پیسے ضائع کرنے کی بجائے سیلاب متاثرین پر لگاتے تو شاید دو ضلعے آباد ہوجاتے'

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی،ترقی، و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے جتنے پیسے جلسوں پر ضائع کیے متاثرین پر لگاتے تو شاید دو ضلعے آباد ہوجاتے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی لوگوں کو گمراہ کررہے ہیں، عمران نیازی کے دور میں کرپشن کی گئی، ایک تہائی پاکستان سیلابی پانی میں ڈوبا ہوا ہے اور عمران نیازی مسلسل اپنی سیاست چمکانے میں لگے ہوئے ہیں، جتنے پیسے جلسوں پر ضائع کررہے ہیں متاثرین پر لگاتے شاید دو ضلعے آباد ہوجاتے۔

احسن اقبال نے کہاکہ عمران نیازی اگلے الیکشن کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں، شوکت خانم کے نام پر اکٹھے کیے گئے فنڈز کو سیاست میں جھونک دیا گیا، اداروں کے خلاف تقاریر کرتے ہیں، عمران نیازی فارن فنڈنگ سے پاکستان میں انتشار پیدا کرنے کا کام لیتے ہیں، عمران نیازی کا مقصد آئین کو پامال کرنا ہے۔

وہ کہتے ہیں سائفر کی تحقیقات ہوں گی تو پارلیمنٹ میں آئیں گے، کیا عمران نیازی کسی غیر ملکی ایجنسی سے تحقیقات کروانا چاہتے ہیں؟۔ وہ صرف انارکی چاہتے ہیں، تمام انٹیلی جنس ایجنسیز، وزارت خارجہ، مسلح افواج نے کہہ دیا کہ سائفر میں کچھ نہیں ہے، ایک ایٹمی طاقت غلام نہیں ہوسکتی، پاکستانی قوم کسی کی غلام نہیں۔آڈیو لیکس سنگین معاملہ ہے، تحقیقات کے لیے اعلی سطحی کمیٹی بنائی گئی ہے، آڈیو لیکس ریاست کے لیے بڑا چیلنج ہے، بہت جلد اس کے قریب پہنچیں گے، ہماری ترجیح اول وآخر سیلاب زدگان کی مدد ہے، جب تک بہن بھائیوں کو دوبارہ ان کے پائوں پر کھڑا نہ کردیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔