اسلام آباد:مریم نواز کی بریت کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے وطن واپسی کی تیاری شروع کردی۔
انہوں نے وکلا کو جلد عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر ایک دن بھی باہر رہنا بھاری ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق عدالت سے مریم نواز اور کیپٹن(ر) صفدر کی بریت کے فیصلے کی روشنی میں نواز شریف نے وطن واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔
نواز شریف نے واپسی کے لیے وکلا کو جلد عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی، قانونی ٹیم جلد عدالت سے رجوع کرے گی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف کی واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے اور وہ جلد ہی راہداری ضمانت کے لیے درخواست دائر کریں گے بعد ازاں وہ وطن واپس آکر عدالت کا سامنا کریں گے اور اسی طرح اپیل دائر کریں گے جس طرح مریم نواز نے دائر کی۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی اب تک ضمانت طبی بنیادوں پر ہے اور وہ اسی بنیاد پر بیرون ملک موجود ہیں، مریم نواز کی اپیل میں سماعتوں کے دوران ججز نے جس طرح رائے دی ہیں اس سے ظاہر ہوا ہے کہ کیس میں جان نہیں ہے۔
ججز نے متعدد بار کہا کہ مریم نواز اگر بینیفشری ہے ہیں تو یہ کہیں بھی ثابت نہیں ہورہا اسی طرح آج ججز نے یہ بھی کہا کہ کیس میں کہیں سے بھی ثابت نہیں ہورہا ہے کہ ایون فیلڈ کے اپارٹمنٹس نواز شریف کی ملکیت ہیں۔