دفعہ 144 خلاف ورزی کیس میں عمران خان کی ضمانت منظور

اسلام آباد کی عدالت نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ضمانت منظور کر لی۔

دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں عمران خان عبوری ضمانت کے لیے ایف ایٹ کچہری پہنچے تھے جہاں ان کی ضمانت منظور کر لی گئی۔

قبل اذیں چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان معافی مانگنے جج زیبا چوہدری کی عدالت میں پہنچ گئے۔

اس موقع پر پولیس نے جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری کی عدالت کا کمرہ بند کر دیا۔

عدالت کے عملے نے انہیں بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری رخصت پر ہیں۔

عمران خان نے ریڈر سے کہا کہ آپ نے زیبا چوہدری صاحبہ کو بتانا ہے کہ عمران خان آئے تھے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ریڈر سے کہا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ زیبا چوہدری سے معافی مانگنے آیا ہوں، ریڈر آپ گواہ رہنا، میں آیا تھا معافی مانگنے۔