کویٹہ: کوہلوبازار میں دھماکہ، 2 افراد جاں بحق، 20 زخمی

میڈیا ذرائع کے مطابق دھماکہ بلوچستان کے شہر کوہلو کے مرکزی بازار میں مٹھائی کی دکان پر ہوا جس کے باعث دو افراد جاں بحق جب کہ 20 زخمی ہوگئے۔ رپورٹ کے مطابق تاحال دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی ہے، پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کے بعد دکان زمین بوس ہوگئی، کئی لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس، لیویز اور ایف سی نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ ڈی ایچ کیو میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔