اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔
ضلعی عدالت کے علاقہ مجسٹریٹ نے خاتون مجسٹریٹ زیباچوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ پولیس کی درخواست پر علاقہ مجسٹریٹ رانا مجاہد رحیم نے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
وارنٹ گرفتاری تھانہ مارگلہ میں 20 اگست کو درج مقدمے میں جاری کیے گئے، مقدمے میں عمران خان کے خلاف پینل کوڈ کی دفعہ 504/506 اور 188/189 لگی ہوئی ہے،عمران خان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے کا نمبر 407 ہے۔
مقدمے میں دفعہ 506 دھمکی آمیز بیان دینے پر درج کی گئی۔ علاقہ مجسٹریٹ نے سابق وزیراعظم چیرمین تحریک انصاف عمران خان کو گرفتارکر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف تھانہ کوہسار میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج ہے، مقدمے میں شامل دہشت گردی کی دفعات دفعات ہائی کورٹ نے ختم کردیں تھیں اور پھر انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مقدمہ سیشن کورٹ کو منتقل کردیا تھا۔
سیشن کورٹ میں مقدمہ منتقلی کے بعد عمران خان کا ضمانت کرانا ضروری ہے کیونکہ مقدمہ سیشن کورٹ منتقل ہونے کے بعد عمران خان کی پہلے سے لی گئی ضمانت غیر مؤثر ہوگئی ہے۔
دریں اثناء عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے معاملے پر اسلام آباد پولیس کا بیان سامنے آگیا۔ایک بیان میں اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ وارنٹ گرفتاری ایک قانونی عمل ہے، عمران خان پچھلی پیشی پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے، ان کی عدالت میں پیشی کو یقینی بنانے کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ معزز عدالت عالیہ نے مقدمہ نمبر 407/22 سے دہشت گردی کی دفعہ خارج کرنیکا حکم جاری کیا تھا، اس حکم کے بعد یہ مقدمہ سیشن کورٹ میں منتقل کیا گیا تھا، عمران خان نے سیشن کورٹ سے ابھی تک اپنی ضمانت نہیں کروائی، پیش نہ ہونے کی صورت میں انہیں گرفتارکیا جاسکتا ہے۔
اسلام آباد پولیس نے عوام سے گذارش کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان مت دھریں۔خیال رہے کہ تھانہ مارگلہ کے علاقہ مجسٹریٹ نے خاتون مجسٹریٹ زیباچوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق اسلام آباد پولیس عمران خان کو گرفتار کرنے بنی گالہ روانہ ہوئی جس کے بعد عمران خان سخت سکیورٹی میں بنی گالہ سے روانہ ہوگئے۔
پی ٹی آئی ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان بنی گالا میں موجود ہیں اور ان کے گھر سے کسی نامعلوم جگہ جانے کی خبردرست نہیں، عمران خان کی گرفتاری محض قیاس آرائیاں ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے کارکن بنی گالا پہنچ گئے اور عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کی کوشش روکنے کیلئے عمران خان کی رہائش گاہ جانے والی سڑک پر ڈیرے ڈال دیئے ہیں‘ کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔