اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس میں 7 روز میں اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مشاورتی اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ آئندہ سات روز کے اندر اسلام آباد کے لیے لانگ مارچ کی کال دے دی جائے گی، عمران خان نے اس حوالے سے پارٹی رہنماؤں کو حتمی تیاریوں کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اجلاس میں شرکا ء نے عمران خان کو موجودہ سیاسی صورتحال پر بریفنگ دی، شرکا ء نے اسحاق ڈار کی واپسی اور مریم نواز کی ایون فیلڈ کیس میں بریت پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یہ معاملہ عوام میں لے جانے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کے آپشن پر اجلاس کے شرکا ء نے یک زبان ہو کر ناں کہہ دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی اب سڑکوں پر نکلے گی، فیصلہ عوام کریں گے اور پی ٹی آئی کی کال پر ملک بھر سے عوام اسلام آباد کا رخ کریں گے۔
حکومت کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کا فیصلہ کن لانگ مارچ سے قبل اسلام آباد اور گرد و نواح کے اضلاع کی تنظیموں کو بھرپور طریقے سے تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عمران خان پشاور ریجن اور فیصل آباد ڈویڑنز میں بڑے ورکرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔
اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال، مجرموں کو ملنے والے این آر او اور تازہ ترین آڈیو لیکس سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں امپورٹڈ حکومت کی جانب سے شرانگیزی اور تشدد کے امکانات پر بھی نہایت تفصیل سے غور کیا گیا اور لانگ مارچ کی تاریخ کے اعلان کے بعد بیک وقت کئی نکات کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہناتھا کہ اشرافیہ کیلئے اور عوام کیلئے دوسرے قانون کی روایت ملک کو تباہی کی دلدل میں دھکیل رہی ہے۔قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد رستہ ہے۔ عمران خان نے کہا کرپٹ اور مجرم گروہ کیخلاف فیصلہ کن حقیقی مارچ کا مرحلہ آن پہنچا ہے۔عوام میدانِ عمل میں نکلنے کی تیاری کریں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام شہبازشریف حکومت سے تنگ آچکے ہیں، میری کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے میں پاکستانی عوام کا مقدمہ لڑ رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کوسب سے زیادہ حقیقی آزادی کی ضرورت ہے، اور اس آزادی کی تحریک میں عوام بھرپور انداز میں ہمارا ساتھ دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پوری قوم نے حکومت کا اصلی چہرہ دیکھ لیا، عمران خان نے پارٹی ترجمانوں اور رہنماؤں کو آزادی مارچ پر گائیڈ لائنز دیں۔