راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یواین سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزرسے ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک بھر میں سیلاب سے پیدا ہونے والی قدرتی آفت سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکہ کے سرکاری دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر جنرل بیرامے ڈیوپ (سینیگال) سے ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک بھر میں سیلاب سے پیدا ہونے والی قدرتی آفت سمیت علاقائی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی بنیادی اقدار کو فروغ دینے اور بحرانوں کے دوران ان کے ردعمل میں اقوام متحدہ کے فوجی مشیر کے دفتر کے کردار کو سراہا۔
یواین ملٹری ایڈوائزر نے موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان میں جاری سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کے ساتھ ساتھ سیلاب متاثرین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اقوام متحدہ کے معززین نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے تعاون اور انسداد دہشت گردی میں غیر معمولی کامیابیوں کا اعتراف کیا۔