توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان نااہل، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جاؤں گا: سابق وزیر اعظم ، احتجاج ختم کرنے کی اپیل

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان کو نا اہل قرار دے دیا۔ 

الیکشن کمیشن کے 4 رکنی بینچ نے فیصلہ سنایا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔

عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کی دستاویز کے مطابق عمران خان نے توشہ خانہ سے 14 کروڑ 20 لاکھ 42 ہزار روپے مالیت کے تحائف حاصل کیے جب کہ 30 ہزار روپے مالیت سے زائد کے تحائف ادائیگی کرکے حاصل کیے۔

عمران خان نے ان تحائف کے 3 کروڑ 81 لاکھ 77 ہزار روپے ادا کیے اور 8 لاکھ مالیت کے تحائف کی ادائیگی نہیں کی۔

عمران خان کی اہلیہ نے 58 لاکھ 59 ہزار روپے کے ہار، بُندے، انگوٹھی اور کڑا 29 لاکھ 14 ہزار روپے وصول کیے جب کہ عمران خان نے گھڑی ،کف لنکس، پین، انگوٹھی 2کروڑ 27 لاکھ روپے دے کر حاصل کیے۔

ریفرنس دستاویز میں عمران خان کی حاصل کی گئی گھڑی کی اصل مالیت 8 کروڑ 50 لاکھ ،کف لنکس کی اصل مالیت 56 لاکھ روپے، پین کی اصل مالیت 15 لاکھ اور انگوٹھی کی اصل مالیت 87 لاکھ ہے۔

دریں اثناء فیصلے پر ردعمل میں اپنے ویڈیو بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان  نے کہا ہے کہ رات کو پارٹی اراکین کو بتادیاتھا کہ مجھے صبح نااہل کردیں گے اور ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھاکہ مافیا پاکستان کی سب سے بڑی جماعت کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے، 25 مئی کو پولیس نے بےگناہ شہریوں پر تشدد کیا، میرے خلاف اور شہبازگل کیخلاف بھی دہشت گردی کے مقدمات درج کرائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ کبھی اتنے بڑے جلسے پاکستان میں نہیں ہوئے، مجھے پہلے ہی پتہ تھا اس کا رزلٹ کیا آنا ہے، رات کو پارٹی اراکین کو بتادیاتھا کہ مجھے صبح نااہل کردیں گے، تمام اراکین کو واٹس ایپ کے ذریعے بتایاتھا۔ 

ان کا کہنا تھاکہ سیاسی جماعتیں سکڑ کر فیملی پارٹیز ہوگئی ہیں، مجھے اور نوازشریف کو ایک طرف دکھایا جارہا ہے، نوازشریف چور ہے ، اس کے بچوں کے پاس بڑے بڑے محلات ہیں، میں کرکٹ کھیلتا تھا ، 34 سال پہلے میں نے فلیٹ لیاتھا، میں نے حلال کے پیسے سے فلیٹ خریدا تھا، اس کو بیچ کر پیسہ پاکستان لایا۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ میری جتنی بھی زندگی ہے ان چوروں کا مقابلہ کرنے کیلئے ہے، الیکشن کمیشن مافیا کا حصہ ہے، جب تک زندہ ہوں ان کا مقابلہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں سے کہتا ہوں احتجاج ختم کردیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ملک کا وزیراعظم اور وزرا کو تحفے ملتے ہیں تو یہ سارت تحفے توشہ خانہ جاتے ہیں اور قانون کے تحت آدھی قیمت پر خرید سکتے ہیں، عدالت میں اس کیس کی ایک چیز بھی غیرقانونی نہیں نکلے گی۔

انہوں نے کہ ہم الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توشہ کیس میں نا اہل قرار دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں نااہل کیے جانے کے بعد عمران خان قومی اسمبلی کی نشست کے بعد پارٹی چیئرمین بھی نہیں رہ سکتے۔

الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے میں کہا کہ عمران خان کرپٹ پریکٹس میں ملوث رہے لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جاتی ہے۔