پاک انگلینڈ ٹیسٹ میں مداح اپنے پسندیدہ کرکٹرز سے کیسے مل سکتے ہیں؟ طریقہ جانیے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مداحوں کے لیے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنے پسندیدہ کرکٹرز سے ملاقات کا طریقہ بتایا ہے ۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ یکم دسمبر سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوگا جس میں شائقین کرکٹ اپنے پسندیدہ پاکستان کرکٹر سے ملاقات کا سنہرا موقع حاصل کرسکتے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے ایک آن لائن آفیشل اسٹور متعارف کرایا گیا ہے جس پر مداح پاکستانی ٹیم کی جرسی، کیپ، شاٹس اور دیگر سامان آرڈر کرسکتے ہیں اور ان میں سے کچھ خوش قسمت صارفین کو پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران اپنے پسندیدہ کرکٹر سے ملنے کا موقع ملے گا۔

اس کے علاوہ راولپنڈی میں کرکٹرز سے ملاقات کا ایک اور طریقہ پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا ہے۔

آپ کو کرنا یہ ہوگا کہ 60 سیکنڈز کی ویڈیو بنائیں اور اسے #TweetnMeet کے ہیش ٹیگ کے ساتھ پوسٹ کردیں، ویڈیو میں آپ کو بتانا ہوگا کہ آپ کا پسندیدہ کرکٹر کون ہے اور وہ کرکٹر آپ کو کیوں اچھا لگتا ہے۔