پہلا ون ڈے ، بنگلہ دیش نے سنسنی خیز میچ میں بھارت کو شکست دیدی

نئی دہلی : بھارتی ٹیم کو بنگلہ دیش کے خلاف تین میچوں کی سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

9 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد ٹیم آخری وکٹ نہیں لے سکی اور مہدی حسن معراج نے شاندار اننگز کھیل کر میچ کو پلٹ دیا اور ہار کو جیت میں بدل دیا۔

بھارت نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے کے ایل راہل کی نصف سنچری کی بدولت 41.2 اوورز میں بڑی مشکل سے 186 رنز بنائے۔ معراج کی 38 رنز کی اننگز نے 46ویں اوور میں بنگلہ دیش کو جیت دلادی۔

ہندوستان کی جانب سے دئے گئے 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کے بلے بازوں کی کارکردگی اچھی نہیں رہی لیکن آخری وکٹ کی شراکت داری نے پورے میچ کی حالت ہی بدل دی۔

دیپک چاہر نے گھر پر چھوٹا ہدف حاصل کرنے کے لیے پہلی ہی گیند پر ٹیم کو چونکا دیا۔ نجم الحسین صفر پر لوٹ گئے۔

انعام الحق کو واشنگٹن سندر نے واپس بھیجا تو کپتان لٹن داس کو انہوں نے وکٹ کے پیچھے کے ایل راہل کے شاندار کیچ کے دم پر واپسی کا راستہ دکھایا۔ 3 وکٹیں گرنے کے بعد ٹیم دباؤ میں آگئی ۔

136 رنز کے اسکور پر 9ویں وکٹ گرنے کے بعد جب بنگلہ دیشی ٹیم نے امیدیں تقریباً چھوڑ دی تھیں، اس وقت مہدی حسن معراج نے ایسی اننگز کھیلی کہ میچ دلچسپ ہوگیا۔ اس بلے باز نے مستفیض الرحمان کے ساتھ مل کر میچ کا رخ ہی بدل دیا۔

ایک اینڈ پر انہوں نے پہلے شاٹس لگا کر میچ کو قریب لایا اور پھر میچ کو بنگلہ دیش کی جھولی میں ڈال دیا ۔

اس سے پہلے ٹیم انڈیا کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ تجربہ کار شکیب الحسن نے ایک کے بعد ایک پانچ بڑی وکٹیں لے کر ہندوستان کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔

 بلے باز شیکھر دھون اور روہت شرما جلد آؤٹ ہو کر واپس لوٹ گئے۔

اس کے بعد وراٹ کوہلی اور شریس ایئر نے بھی اپنی وکٹیں گنوائیں۔ 92 رن پر 4 وکٹ گنوانے کے بعد راہل نے ایک اچھی اننگز کھیل کر ٹیم کو مشکل پوزیشن سے باہر نکالا۔

کے ایل راہل نے 5 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 70 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیل کر مجموعی اسکور کو 186 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ۔