انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں کامیابی سمیٹنے کی بھرپور کوشش کریں گے: بابراعظم

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں کامیابی سمیٹنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کپتان بابراعظم نے کہا کہ فائنل الیون کے حوالے سے آج رات فیصلہ کریں گے تاہم نیشنل اسٹیڈیم کی پچ اسپنرز کے لیے سازگار ہے، اپنی غلطیوں سے اجتناب برتنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امام الحق انجری کے باعث کراچی ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کریں گے، انہیں ہمسٹرنگ کا ایشو ہے۔ کھلاڑی مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں جس کی وجہ سے انجریر ہورہی ہیں، ایک دو روز آرام ملتا ہے جو کہ کم ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے اظہر علی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اظہر علی ہمارے لیے ایک مثال رہے ہیں، انہوں نے کیریئر میں کئی یادگار اننگز کھیلیں۔ ان کے تجربے سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔

بابراعظم نے مزید کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کو سیشن ٹو سیشن لے کر چلنا پڑتا ہے، ہم ٹیسٹ کرکٹ میں مشکلات کا شکار ہیں، مسلسل انجریز کی وجہ سے ہم کمبینیشن نہیں بناپا رہے، پچھلے دونوں میچز ہاتھ میں تھے لیکن اس کے باوجود شکست ہوئی۔