عمران خان کا اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے جنوری کے پہلے ہفتے میں بنی گالہ آنے کا ارادہ کیا ہے، عمران خان نے پارٹی قیادت کو بنی گالہ آنے سے متعلق آگاہ کر دیا ہے۔

پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ عمران خان کی آمد کے لیے بنی گالا سیکرٹریٹ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے اور بنی گالہ سیکرٹریٹ کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ تین نومبر کو وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران عمران خان پر حملہ کیا گیا تھا، تین نومبر کے بعد 26 نومبر کو عمران خان راولپنڈی جلسے میں شریک ہوئے لیکن جلسے میں شرکت کے بعد فوری لاہور کے لیے روانہ ہو گئے۔

حملے کے بعد تقریباً 2 ماہ سے عمران خان اپنی بنی گالہ رہائش گاہ نہیں گئے اور لاہور سے ہی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔