باجوہ نے تسلیم کیا کہ عمران جیسا بلنڈر ہوا، اب اس کو سیاست سے باہر بھی کرو، مریم نواز 

 ملتان:پاکستان مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آر گنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے، صرف بلنڈر کرنے کا اعتراف کافی نہیں اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا۔

 یہ بلنڈر نہیں سانپ تھا جو پانچ کے ٹولے نے پالا تھا، اب یہی سانپ پانچ کے ٹولے کو ڈس رہا ہے،جیل بھرو تحریک سے پہلے ”جیب بھرو“ کا حساب دو اوراپنی ضمانتیں منسوخ کراؤ۔ 

اگر نواز شریف سے حکومت کرنی نہیں سیکھی تھی تو اپوزیشن کرنی ہی سیکھ لیتے،پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں تو ان کو سمجھ نہیں آ رہی،اگر جیلیں بھرنی ہیں تو سب سے پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کراؤ اور پھر آؤ۔

 اتوار کویہاں مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے، نواز شریف اور شہباز شریف کو شدید احساس اور تکلیف ہے کہ آج مہنگائی ہے، آپ کے گھروں میں مشکلات ہیں، میرا آپ کے ساتھ دھڑکتا ہے تاہم آپ سب کو پتا ہے کہ یہ مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے۔

مریم نواز نے کہاکہ قوم گواہ ہے کہ جب نواز شریف کی حکومت آئی، تب تب پاکستان نے بلندیوں کا سفر کیا، ہر بار جب نواز شریف کی حکومت آئی تو مہنگائی بھی کم ہوئی، پاکستان میں ترقی بھی آئی، بڑے بڑے منصوبے بھی آئے اور آج میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتی ہوں کہ پاکستان کے 75سال میں نواز شریف کے 9سال نکالو تو کھنڈرا کے سوا کچھ نہیں بچتا۔

مریم نواز نے عمران خان کی جانب سے جیل بھرو تحریک کی کال کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں سن رہی تھی کہ یہ جیل بھرو تحریک کا کہہ رہا تھا، چار سال جب یہ وزیراعظم بنا بیٹھا تھا تو جیب بھرو تحریک چلا رہا تھا اور کارکنوں کو کہتا ہے کہ جیل بھرو تحریک شروع کرو، اگر جیلیں بھرنی ہیں تو سب سے پہلے اپنی ضمانتیں منسوخ کراؤ اور پھر آؤ۔

انہوں نے کہاکہ یہ لوگوں کو جیل بھرنے کا کہنا ہے اور خود زمان پارک کے بنکر میں چھپ کر بیٹھا ہے، خواتین کو بلا کر زمان پارک میں کھڑا کیا ہوا ہے کہ کہیں مجھے پولیس پکڑ کر نہ لے جائے۔