ترکیہ زلزلہ، وزیراعظم نے ریلیف فنڈ قائم کردیا، کابینہ کا ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان 

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاکستان اپنے بھائی ترکیہ اور اس کے عوام کے ساتھ ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی وزرا کے علاوہ سینئر حکام نے شرکت کی، وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو دورہ ترکیہ سے متعلق آگاہ کیا۔

 کابینہ کی جانب سے ترکیہ میں ہولناک زلزلہ پر ترکیہ کے عوام اور حکومت سے اظہار یکجہتی کیا گیا،وفاقی کابینہ نے ترکیہ اور شام میں ہولناک زلزلہ میں جاں افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ملکی مجموعی معاشی و سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔

 ٹوئٹر پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کر دیا گیا، وفاقی کابینہ نے ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے مخیر حضرات سے بھی امداد کی اپیل کی ہے وفاقی کابینہ نے متفقہ طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کیلئے قائم فنڈ میں بطور عطیہ دی جائے گی۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ترکی اور شام میں تباہ کن زلزلے کے 24 گھنٹے بعد اموات اور تباہی کے مناظر دماغ کو سن کر رہے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بڑے پیمانے پر انسانی المیہ دلی دکھ اور صدمے کا باعث ہے۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ یکجہتی اور بروقت امداد سے دکھی انسانیت کی مدد کرنی چاہیے۔