اس بار چاند پر تنازعہ نہیں ہوگا، ایک ہی دن روزہ و عید ہوگی، محکمہ موسمیات

 

اسلام آباد:محکمہ موسمیات کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات کو بتایا ہے کہ رواں برس ملک بھر میں ایک ہی روز رمضان المبارک کا آغاز ہوگا اور ایک ہی دن عید الفطر ہوگی۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں چیئرپرسن سیمی ایزدی کی سربراہی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیات کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں محکمہ موسمیات، رویت ہلال کمیٹی اور دیگر افراد کی جانب سے چاند نظر آنے کے تنازعہ پر گفتگو کی گئی۔

کمیٹی ارکان نے محکمہ موسمیات کے ڈی جی کی سرزنش کی، چیئرپرسن کمیٹی نے کہا کہ ڈی جی صاحب آپ کو 4 دفعہ بلایا مگر آپ نے نہیں آئے۔

مشاہد حسین سید نے کہا کہ چاند دیکھنے پر ہمیشہ تنازعہ ہوتا ہے، پوپلزئی صاحب کو چاند ہمیشہ جلدی نظر آجاتا ہے۔

 محکمہ موسمیات کو پتہ ہوتا ہے کہ چاند کب نکلے گا مگر بتانے کی ہمت نہیں کرتا۔جس پر محکمہ موسمیات کے حکام نے کہا کہ چاند نکلنے سے متعلق ڈیٹا ہم نے پہلے ہی کمیٹی کو فراہم کیا ہوتا ہے۔

 سردیوں میں راتیں لمبی ہوتی ہیں تو چاند کے بھی 2 فیز بن رہے ہوتے ہیں، اس سال چاند کے مسئلے پر کوئی تنازع پیدا نہیں ہوگا۔ اس بار رمضان اور عید کا چاند پشاور میں بھی دیکھا جائے گا۔