عمران خان کو لاہور سے گرفتار کرنے پر غور شروع

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو لاہور سے گرفتار کرنے پر غور شروع کردیا اور اس سلسلے میں مشاورت بھی جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان و دیگر 11 ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے کے معاملے پر بینکنگ کورٹ میں عبوری ضمانتوں کی درخواستوں کے تناظر میں ایف آئی اے حکام نے سر جوڑ لیے۔

 بینکنگ کورٹ سے عمران خان کی عبوری ضمانت خارج ہونے کی صورت میں ایف آئی اے نے عمران خان کو لاہور سے گرفتار کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ عبوری ضمانت خارج ہونے کی صورت میں ایف آئی آئے لاہور کی ٹیم کو بھی حرکت میں لانے کے لیے مشاورت کی جا رہی ہے۔

 سینئر آفیسر ایف آئی اے کے مطابق عبوری ضمانت خارج ہوئی توایف آئی اے عمران خان سمیت دیگر ملزمان، جن کی ضمانتیں کنفرم نہیں کی گئیں، کی گرفتاریوں کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کرے گا۔